بھوک ہڑتال کر رہے این ایس یو آئی صدر کی حالت بگڑ گئی

,

   

ہاسپٹل منتقل گاندھی بھون میں کارکنوں کا احتجاج، راج بھون تک ریالی کی کوشش، اتم کمار کا خطاب
حیدرآباد۔ قومی اور ریاستی سطح کے انٹرنس امتحانات کے التواء کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کرنے والے این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ کی حالت بگڑ گئی اور انہیں ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ بی وینکٹ نے
JEE، NEET
اور تلنگانہ کے انٹرنس امتحانات کو کورونا وباء کے پیش نظر ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون کے احاطہ میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا ۔ کل رات سے وینکٹ کی طبیعت بگڑنے لگی شوگر اور بی پی کی سطح میں کمی سے ڈاکٹرس نے فوری ہاسپٹل منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ حکومت اور پولیس کی جانب سے صحت میں گراوٹ کے باوجود کوئی قدم نہیں اٹھائے گئے جس پر صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ہاسپٹل منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ اتم کمار ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی موجودگی میں وینکٹ کو ایمبولنس میں سری نگر کالونی میں واقع ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی اور امتحانات کے التواء کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے مرکز اور ریاستی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ طلبہ کی زندگی سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ وینکٹ کی صحت بگڑنے کے باوجود حکومت کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے پھیلاؤ سے ہندوستان متاثر ہے اور طلبہ کو کورونا کے خطرہ میں جھونکنا ناعاقبت اندیش فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چیف منسٹر کی جانب سے امتحانات کے التواء کے مطالبہ کے باوجود حکومت کا ہٹ دھرمی کا رویہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مفادات کے حق میں کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ این ایس یو آئی کارکنوں نے ’ چلو راج بھون ‘ کے تحت ریالی نکالنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ناکام بنادیا۔ پولیس و کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس نے اعلان کیا کہ امتحانات کے التواء تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔صدر سٹی کانگریس انجن کمار یادو، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔