نئی دہلی: بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر کو جودھ پور ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ چندر شیکھر ایک درج فہرست ذات کے لڑکے کے خاندان سے ملنے جالور جا رہے تھے جس کی ایک اسکول ٹیچر کی پٹائی کے بعد موت ہو گئی۔ راجستھان پولیس نے امن و امان کا حوالہ دیتے ہوئے چندر شیکھر کو حراست میں لیا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ راجستھان کے جلور ضلع میں ایک دلت طالب علم کی ٹیچر کی پٹائی سے موت ہو گئی۔ واقعہ ضلع کے سائلہ تھانہ علاقے کے گاؤں سورانا کے ایک پرائیویٹ اسکول کا ہے، جہاں ایک دلت طالب علم کو استاد نے بے دردی سے پیٹا، جس کی وجہ سے اسے اسپتال میں داخل کرانا پڑا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔