بھینسہ جل تھل، عوام میں بے چینی، انتظامیہ چوکس

   

گڈنا واگوکے چار دروازے کھول دیئے گئے، پلوں پر پانی بہنے سے بس سرویس بند، عیدالاضحی کی گہما گہمی پھیکی
بھینسہ : گذشتہ روز سے جاری تیز بارش کے سبب بھینسہ ڈیویژن جل تھل ہوگیا۔ کئی مواضعات ، نشیبی علاقے ، مکانات زیر آب آگئے اور تالاب ، ندی ، نالے ، پراجکٹ خطرے کے نشان تک پہنچ گئے۔ فصلیں مکمل طور پر تباہ ہونے اور کچھ مکانات کی دیواریں بھی منہدم ہونے کی اطلاع ہے جبکہ گڈّنا واگو پراجکٹ کے اوپری مہاراشٹرا کے علاقے میں تیز بارش کی وجہ سے بھینسہ گڈّنا واگو پراجکٹ خطرے کے نشان تک پہنچ گیا جس پر پراجکٹ انتظامیہ نے صبح کے اوقات میں نشیبی علاقوں کے رہائشی عوام ، کسانوں ، تاجروں ، مویشی پالن افراد اور محکمہ پولیس ، محکمہ ریوینو کے عہدیداروں کو مطلع کرتے ہوئے پراجکٹ کے چار دروازے کھولتے ہوئے ہزاروں کیوزک فاضل پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقے مکمل زیر آب آکر جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔ اس دوران پولیس عہدیداران جن میں ایڈیشنل ایس پی کرن کھرے ، ٹاؤن سرکل انسپکٹر پراوین کمار اور سب انسپکٹران وکرم ، شیوا ، ہنمنلو ، محمد غوث و دیگر پولیس جوان متحرک ہوکر گڈّنا واگو پراجیکٹ اور خان آٹو نگر کا معائنہ کیا ۔ بتایا گیا کہ اسی دوران این آر گارڈن میں کچھ افراد پراجیکٹ کے فاضل پانی میں محصور ہوجانے پر ٹاؤن سرکل انسپکٹر پراوین کمار کشتیوں اور تیراکوں کو طلب کرتے ہوئے محفوظ بچانے کے اقدامات انجام دیئے جبکہ بھینسہ آر ٹی سی ڈپو سے چنتل بوری اور ہلدا جانے والی بس موضع بجّور میں بالے کے پْل پر پانی میں پھنس گئی جس میں 22 مسافر سوار تھے تمام کو محفوظ بچالیا گیا اور بس کو ٹریکٹر کے ذریعہ نکالا گیا اور بھینسہ ڈیویژن میں پْلوں کے اوپر سے پانی بہنے پر بھینسہ آر ٹی سی ڈپو سے نظام آباد ، کوبیر ، پارڈی شاہراہوں کی بس سرویس کو بند کردیا گیا بارش کے دوران بھینسہ منڈل کے موضع وانل پاڈ میں ایس پوشٹی نامی 38 سالہ شخص تالاب میں مچھلی پکڑنے کے دوران پیر پھسل جانے سے غرق ہوکر فوت ہوگیا۔ ضلع کلکٹر مشرف علی فاروقی نے محکمہ ریونیو ، محکمہ پولیس ، محکمہ پنچایت آبپاشی اور محکمہ برقی کے حکام کے ہمراہ ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے بہتر بارش کے دوران ہنگامی اور ناگہانی صورتحال میں عوام کے تحفظ کے لئیاقدامات انجام دینے کے لئے متحرک رہنے کی ہدایت دی۔ بھینسہ میں صبح 8:30 بجے سے دوپہر ایک بجے تک 125.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسلسل تیز بارش کی وجہ سے عوام بے چینی کے عالم میں مبتلا ہوگئی اور عیدالاضحٰی کی تیاری اور خرید و فروخت کی گہما گہمی پھیکی پڑگئی۔ ہر طرف بارش کے سبب پانی ہی پانی نظر آرہا ہے تادم تحریر بھینسہ اور اطراف و اکناف میں بارش کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔