بھینسہ واقعات پر وزیر داخلہ کا پولیس سے ربط

   

امن و ضبط کی برقراری میں تعاون کرنے عوام سے اپیل
حیدرآباد 13 جنوری (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بھینسہ میں پیش آئے پرتشدد واقعات پر سپرنٹنڈنٹ پولیس نرمل ششی دھر راجو سے فون پر بات کرکے تفصیلات حاصل کی ۔ ایس پی نے بتایا کہ صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے اور حساس علاقوں میں زائد پولیس کو تعینات کیا گیا ۔ ایس پی نے بتایا کہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کیا گیا تاکہ حالات پر جلد قابو پایا جاسکے ۔ ضلع ایس پی کے مطابق تشدد میں بعض پولیس عہدیدار بھی زخمی ہوئے جن کا اعلاج جاری ہے۔ وزیر داخلہ نے پرتشدد واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کا فرض ہے ۔ حکومت ہمیشہ عوام کی بھلائی اور ترقی کیلئے فکرمند ہے۔ وزیر داخلہ نے ایس پی کو ہدایت دی کہ بھینسہ کی پیس کمیٹی کے اراکین اور مختلف مذاہب کے بااثر افراد کے ساتھ اجلاس منعقدکریں تاکہ امن و امان بحال ہو اور عوام کو اعتماد میں لیا جائے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ بھینسہ میں فرینڈلی پولیس پالیسی پر عمل کیا جائے ۔ وزیر داخلہ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے فون پر بات کی اور بھینسہ کی صورتحال پر نظر رکھنے اور ضرورت پڑنے پر زائد پولیس کو تعینات کرنے کی ہدایت دی ۔ پولیس نے کہا کہ تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے عوام سے پرامن رہنے اور امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ۔ وزیر داخلہ نے عوام کو تیقن دیا کہ پولیس اور حکومت پر بھروسہ رکھیں جو ان کے جان ومال کے تحفظ کی پابند ہے۔