بھینسہ کے سرکاری اسکولوں میں یوم تعلیم پروگرامس کا انعقاد

   

بھینسہ 21/جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دس سالہ جشن تلنگانہ یوم تاسیس کے تحت بھینسہ شہر کے تمام سرکاری اسکولوں میں یوم تعلیم مناتے ہوئے مختلف پروگرامس منعقد کیے گئے ۔شہر کے قلبی مارکیٹ ایریا میں واقع ضلع پریشد گرلز اردو ہائی اسکول میں انچارج صدرمدرس نافع خان نے قومی پرچم کشائی انجام دی ۔جہاں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اراکین بلدیہ جن میں عبدالقادر بابا ، محمد عبدالماجد ، افتخار الدین اور حبیب ملت یوتھ صدر شیخ قدیر کے علاوہ سماجی کارکن حافظ شیخ کلیم ، سماجی کارکن جادھو موتی لال پٹیل اور دیگر نے شرکت کی اس موقع پر جماعت ہشتم ، جماعت نہم اور جماعت دہم میں آن لائن ڈیجیٹل ٹی وی بورڈ کا افتتاح انجام دیا گیا ۔ جس میں بھینسہ تحصیلدار چندرشیکھر ریڈی نے بھی شرکت کی ۔بعدازاں طالبات میں دو عدد اسکول یونیفارم کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر اساتذہ جن میں محمد وقار الدین ، سید مقیت ، رانا و دیگر موجود تھے۔ علاوہ ازیں شہر کے عمر فاروق کالونی میں واقع پرائمری اسکول کنٹہ میں بھی دس سالہ جشن تلنگانہ کے موقع پر اول تا پنجم جماعت کے طلبہ میں نور محمد موظف ایم پی ڈی او اور میر اعجاز علی سماجی کارکن کے ہاتھوں مفت تدریسی کتابوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر صدر مدرس غلام دستگیر خان کے علاوہ اساتذہ سید مظہر و دیگر موجود تھے جبکہ اقلیتی اقامتی اسکول میں بھی تلنگانہ یوم تعلیم کا جوش وخروش کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا گیا جہاں پر سال گزشتہ بہترین نتائج حاصل کرنے والے اور سرکاری ملازمت حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس پروگرام کی کارروائی سلیم احمد انگریزی لکچرر نے انجام دی ۔ اس موقع پر اساتذہ جن میں واجد ، صلاح الدین ، نرسیا ، رمنا ، روی ، اعجاز ، شیخ علی ، وٹھل ، اظہر کے علاوہ خواتین اساتذہ اور طلباء و اولیائے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔