لکھنو: انگریزی میں ایک کہاوت ہے کہ ’بیگرس کانٹ بی چوزرس‘ یعنی فقیروں کی اپنی کوئی پسند نہیں ہوتی۔ انہیں جو مل جائے اس پر قناعت کرنا پڑتی ہے لیکن یو پی کے ہردوئی میں ایک فقیر نے اس کہاوت کو غلط ثابت کردیا۔ ننھے پنڈت نامی ایک فقیر بھیک مانگ کر گزارا کرتا تھا اور ایک خاتون اپنے دروازہ پر آنے کے بعد اُسے ہمیشہ کچھ نہ کچھ کھانے کو ضرور دیتی تھی اور اکثر اس سے باتیں بھی کیا کرتی تھی لیکن یہ کسی کے وہم و گمان میں نہ تھا کہ 36 سالہ خاتون جو 6 بچوں کی ماں ہے، فقیر کے عشق میں پڑکر اس کے ساتھ فرار ہوجائیگی۔ خاتون کے شوہر نے بتایا کہ ایک دن اس کی بیوی گھر کے لیے ترکاری اور دیگر سامان خریدنے بازار گئی اور واپس ہی نہیں لوٹی۔ شوہر نے کچھ روز قبل اپنی ایک گائے فروخت کی تھی اور اس سے حاصل ہوئے پیسے بھی اس نے الماری میں رکھے تھے جو بیوی اپنے ساتھ لے کر چلی گئی۔پولیس اس سارے معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔