بہادر پورہ علاقہ کے ایک مکان میں خوفناک دھماکہ ، 7 افراد زخمی

,

   

حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بہادر پورہ میں آج شام اس وقت دہشت پیدا ہوگئی جب علاقہ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ اس دھماکہ کے سبب علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا اور علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ دھماکہ کے سبب ایک مکان کی چھت تباہ ہوگئی اور 7 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسد بابا نگر علاقہ میں واقع ایک اسبسطاس کے مکان میں یہ دھماکہ ہوا اور دھماکہ کے سبب پڑوسیوں کے مکان کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے سارے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی اور افراتفری کا ماحول دیکھا گیا۔ دھماکہ اس مکان میں ہوا جہاں چھوٹے پٹاخوں کی تیاری کیلئے کم طاقت کا بارود مکان میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ اطلاع کے ساتھ ہی بہادر پورہ پولیس مقام واردات پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا اور فوری طور پر بم اسکواڈ اور کلوز ٹیم کو طلب کرلیا گیا ۔ زخمیوں کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ دھماکہ میں مکان میں موجود افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں دو خواتین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دھماکہ کے مقام پر دلخراش اور زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کرنے کے دوران بھی دردناک مناظر دیکھے گئے اور زخمی بچوں کو دیکھ کر مقامی عوام بھی اشکبار ہوگئے۔ دھماکہ کے فوری بعد مقامی عوام کی بڑی تعداد مدد کیلئے پہنچی۔ دھماکہ کے سبب مکان کی چھت تباہ ہوگئی اور خوفناک مناظر دیکھے گئے۔ بہادر پورہ پولیس سارے معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق سلینڈر دھماکہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں لیکن پولیس نے قطعی طور پر کچھ بتانے سے گریز کیا اور ہر زاویہ سے اس معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ع