پٹنہ: بہار اسمبلی میں مانسون اجلاس کے دوسرے دن منگل کو اپوزیشن ارکان نے خصوصی ریاست کا درجہ کے معاملے پر ہنگامہ آرائی کی، جس کی وجہ سے اسمبلی کی کارروائی 13 منٹ کے بعد ہی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردی گئی۔ جیسے ہی صبح 11 بجے اسمبلی میں کارروائی شروع ہوئی، اپوزیشن ارکان نے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے مرکزی حکومت کی طرف سے انکار پر ہنگامہ شروع کر دیا۔ اپوزیشن ارکان نے مرکزی حکومت اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آکر ہنگامہ کرنے لگے ۔ اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو نے اپوزیشن ارکان سے سوال جواب جاری رہنے اور اس معاملے کو وقفہ صفر میں اٹھانے کی درخواست کی لیکن اپوزیشن ارکان نہیں منانے اور شور وغل مچاتے رہے ۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان اسپیکر نے سوال جواب کا دورشروع کیا۔ شور شرابے کے درمیان وزراء پریم کمار، سنیل کمار اور جنک رام نے بھی مختصر سوالات کے جوابات دیئے ۔