سری نگر، 19 دسمبر (یو این آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر التجا مفتی نے جمعہ کے روز سری نگر کے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں ایک تحریری شکایت درج کرائی ہے ، جس میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف ایک عوامی تقریب کے دوران ایک مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ شکایت میں کہا گیا کہ یہ واقعہ مسلمانوں، خاص طور پر خواتین میں ’بے حد تکلیف‘کا باعث بن گیا ہے ۔ التجا مفتی نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ ہر ہندوستانی خاتون کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پورے وقار کے ساتھ اپنی پسند کا لباس پہن سکتی ہے کسی کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ ہمارے حجاب کو ہاتھ لگائے ،اگر اگلی بار ایسا کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج بر آمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیر اعلیٰ نے ایک عورت کا نقاب کھینچا ہے اس کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے ، چایئے کوئی وزیر اعلیٰ بھی کیوں نہ لیکن کسی کو یہ حق نہیں بنتا ہے کہ وہ ایک مسلمان خاتون کے وقار کو ٹھیس پہنچائے ۔
