پٹنہ، 10 دسمبر (یو این آئی ) بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کے روز انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت سماج کے سبھی طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے ۔ وزیرِ اعلیٰ نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ بہار حکومت عدل کے ساتھ ترقی کے اصول پر آگے بڑھتے ہوئے سماج کے ہر طبقے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے آخری پائیدان پر کھڑے شخص کے حقوق کا تحفظ اور ان تک بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
نتیش کمار نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا،آج کے دن ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم مل کر ایک ایسے صحتمند اور مضبوط معاشرے کی تعمیر کریں گے جہاں ہر شخص باوقار اور باعزت زندگی گزار سکے ۔