بہار :سیٹوں کی تقسیم پرکھرگے ،راہول کا قائدین کیساتھ اجلاس

   

مہاگٹھ بندھن کے ساتھ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، کانگریس کے بہار انچارج کا بیان

نئی دہلی، 9 ستمبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی نے منگل کو بہار کانگریس کے سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی تاکہ مقامی سطح پر پارٹی کی پوزیشن معلوم کی جا سکے اور سیٹوں کی تقسیم کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے ۔کھرگے اور گاندھی کی موجودگی میں یہ میٹنگ منگل کی شام پارٹی صدر کی رہائش گاہ پر ہوئی اور اس میٹنگ میں کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، طارق انور، پارٹی کے بہار انچارج کرشنا الیرو، بہار ریاستی صدر راجیش کمار، رنجیت رنجن، کنہیا کمار، پپو یادو اور محمد جاوید سمیت کئی لیڈروں نے شرکت کی۔میٹنگ کے بعد الیرو نے کہا کہ مہا گٹھ بندھن کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے اور اس سلسلے میں اتحادی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل بات چیت جاری ہے ۔ فی الحال سب کچھ مثبت ہے اور امید ہے کہ جلد ہی سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے تمام جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیٹ شیئرنگ پر بات چیت ختم ہونے کے بعد پوری معلومات شیئر کی جائیں گی۔ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ بہار کے لیڈر یہاں اپنی قیادت کو حقیقی صورتحال بتانے آئے اور پارٹی صدر کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ہم نے پارٹی قیادت کو فیڈ بیک دے دیا ہے اور قیادت زیر بحث امور کو آگے بڑھائے گی جس سے سیٹ شیئرنگ کا کام آسان ہو جائے گا۔کانگریس ایم پی محمد جاوید نے کہا کہ میٹنگ میں اتحاد پر بات چیت کے ساتھ ساتھ مقامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں لوگوں نے بہار کے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس دوران اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اور دیگر مسائل بھی کانگریس قیادت کے سامنے رکھے گئے ۔ آئندہ انتخابات میں اتحاد بنانے کی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے ہم آگے بڑھ رہے ہیں اور اس حوالے سے کئی پہلوؤں پر بات ہوئی ہے ۔ میٹنگ میں موجود کئی لوگوں نے اتحاد اور اپنے علاقوں کے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

راہول کیخلاف قابل اعتراض تبصرہ کیس میں23ستمبر کو سماعت
سلطانپور9ستمبر(یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں کانگریس کے سابق صدر اور ایم پی راہول گاندھی کے خلاف ایم پی۔ایم ایل اے عدالت میں منگل کو گواہ سے جرح کی گئی۔کاروائی پوری نہ ہونے پر جسٹس شبھم ورما نے 23ستمبر کی تاریخ طے کی ہے ۔جوڈیشیل ذرائع کے مطابق سلطانپور ضلع کے کوتوالی دیہات کے ہنومان گنج باشندہ بی جے پی لیڈر وجئے مشرا نے سال 2018 میں راہول گاندھی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ مشرا کا الزام تھا کہ کرناٹک الیکشن کے دوران راہول گاندھی کے ذریعہ کئے گئے تبصرے سے دلبرداشتہ ہوئے تھے ۔ پانچ سال تک عدالت یں چلی کاروائی کے دوران راہول گاندھی کی غیر حاضری پور دسمبر 2023 میں عدالت نے وارنٹ جاری کیا۔ 20فروری 2024 میں راہول نے عدالت میں سرینڈر کیا اور 25۔25 ہزار روپئے کے دو مچلکوں پر انہیں ضمانت ملی۔