بہار: مجرم کی سالگرہ پارٹی منانے پر جیل حکام معطل، جیل کو سجادیا گیا، کیک بھی کاٹا گیا۔ گانا پارٹی کا بھی اہتمام

,

   

پٹنہ: بہار کے سیتاماراہی جیل میں ایک قتل کی سزا کاٹ رہے مجرم کی سالگرہ کے موقع پر جیل کو غباروں اور دیگر اشیاء سے سجادیاگیا۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ سالگرہ کی خوشی میں جیل میں کیک بھی کاٹا گیا۔ جب یہ خبر عام ہوئی تو جیل کے 7عہدیداروں کو معطل کردیاگیا۔ ذرائع کے مطابق مجرم پنٹو تیوار 2015ء میں دو انجینئروں کو قتل کرنے کی پاداش میں اپنی سزا کاٹ رہا ہے۔ اس کی سالگرہ تھی جس پر جیل کو غباروں سے سجادیا گیا۔

اور جیل میں کیک بھی کاٹاگیا۔ پنٹو کے جیل ساتھیوں نے اسے سالگرہ کا تحفہ بھی دیا۔ اور جیل کے دیگر قیدیوں نے اس موقع پرگاتے او رناچتے بھی دیکھا گیا۔ او رکئی قیدی فون پر بات کرتے دکھائی دئے۔ اس سالگرہ پارٹی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ محکمہ پولیس نے اس کا سخت نوٹ لیا ہے۔

ریاستی ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے بتایا کہ میں نے اس معاملہ میں جیل حکام سے با ت کی اور تحقیقات کا حکم دیا۔ جیل حکام نے ہفتہ کی رات جیل کا معائنہ کرتے ہوئے قیدیو ں کے پاس سے اسمارٹ فونس ضبط کرلیا۔ واضح رہے کہ قتل کے جرم میں پنٹو عمر بھر کی سزا بھگت رہا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سات جیل عہدیداروں کو معطل کردیاگیا ہے۔