بہار میں بجلی بل میں اضافہ کو لے کر ایوان میں اپوزیشن کا ہنگامہ

   

پٹنہ: بہار میں جمعرات کے روز بجلی کی قیمتوں میں 24.10 فیصد اضافے کو لے کر جمعہ کے روز بہار قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی کی طرف سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔ جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، بی جے پی رکن اسمبلی نے بہار کے بجلی بل میں مجوزہ اضافے کو لے کر زبردست ہنگامہ کیا۔ رپورٹنگ ٹیبل پٹک دیا۔ جس کے بعد اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ یہ آمرانہ رویہ نہیں چلے گا، آپ لوگ آمرانہ رویہ اپنا رہے ہیں۔ جس کے بعد اپوزیشن لیڈر وجے کمار سنہا کو بولنے کا موقع دیا گیا۔وجے سنہا نے کہا کہ بجلی کے بل کا فیصلہ غلط ہے، حکومت مجوزہ اضافہ واپس لے۔ وہیں وجے سنہا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے محکمہ کے وزیر وجیندر یادو نے کہا کہ اضافہ واپس نہیں لیا جائے گا۔ اس سے غریبوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔دراصل کل صبح سے ہی بہار میں بجلی کے بل میں اضافے کی تجویز کو لے کر بہار قانون ساز اسمبلی کے اندر بی جے پی کی طرف سے ہنگامہ کیا جا رہا تھا۔ اس کے بعد جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بجلی کے بل میں اضافے سے صنعتوں کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی متاثر ہوں گے۔ اس لیے حکومت بجلی میں اضافہ واپس لے۔