بہار میں مسجد پر بھگوا جھنڈا لہرانے والا شخص گرفتار

   

پٹنہ :بہار کی ایک مسجد پر زعفرانی پرچملہرانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ نوجوان کے زعفرانی جھنڈا لگانے کے لیے مسجد کے گنبد پر چڑھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔بہار پولیس نے ایک شخص کو اس وقت گرفتار کر لیا جب اسے بھگوا جھنڈا لہرانے کے لیے ایک شیعہ مسجد کے گنبد پر چڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام کالی وسرجن یاترا کے دوران للمٹیہ پولیس اسٹیشن کے تحت تمتم چوک کے قریب پیش آیا۔ اس کی شناخت شیوم کمار کے نام سے ہوئی ہے جس کو بھاگلپور پولیس نے پیر 4 نومبر کو گرفتار کیا ہے۔ مسجد کے گنبد پر پرچم لہرانے کے بعد اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر شیئر کیا گیا، جس میں مسلم کمیونٹی کے بارے میں توہین آمیز گانوں کے ساتھ ساتھ کشیدگی کو مزید ہوا دی گئی جس کے نتیجہ میں عوام میں زبردست غم و غصہ دیکھا جارہا ہے ۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے فوراً بعد اس فرقہ وارانہ طور پر حساس علاقے میں مزید کسی ناخوشگوار واقعات کو روکنے کیلئے اس علاقے میں اضافی فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔ ایکس پر جاری ایک پریس نوٹ میں بھاگلپور پولیس نے ملزم شیوم کمار کی گرفتاری کا اعلان کیا اور کہا کہ علاقے میں امن کو یقینی بناتے ہوئے معاملے کو 24 گھنٹوں کے اندر حل کر لیا گیا ہے۔