پٹنہ ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹنہ کے مکاما علاقہ کے قریب ایک نوجوان کو ہجومی تشدد کے ذریعہ ہلاک کیا گیا۔ مویشی کے سرقہ کے الزام میں اسے ہجوم نے پکڑ کر شدید زدوکوب کیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شب پیش آیا جب برہاپور موضع سے تعلق رکھنے والے نوجوان مویشیوں کا سرقہ کرنے کے ارادہ سے مورے موضع میں داخل ہوئے۔ مویشیوں کو پکڑنے کے دوران مویشی بکھر کر آوازیں کرنے لگے تو بعض لوگ نیند سے بیدار ہوئے اور مبینہ سارقوں کا تعاقب کیا۔ ان میں سے ایک نوجوان کو دبوچ کر زدوکوب کیا۔ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ دہاتیوں نے اس نوجوان کو لاٹھیوں ، سلاخوں سے بری طرح مارا۔ بچ کر نکلنے والے ساتھیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ 12 تا 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔