بہار کانگریس کے قائد کی ہنومان کے اعزاز میں رتھ یاترا

   

پٹنہ ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ایک قائد نے آج بہار میں ہنومان پریکرما رتھ یاترا نکالی تاکہ اس مقدس شخص کو اعزاز عطا کیا جائے کیونکہ عام آدمی بی جے پی کی جانب سے بندر دیوتا کی توہین پر سخت ناراض ہیں۔ کانگریس قائد سدھارتھ شتریہ جن کی یاترا پوری ریاست کا احاطہ کرے گی۔ بی جے پی پر الزام عائد کیا ہیکہ اس نے بھگوان ہنومان کی توہین کی ہے اور انہیں اپنی سہولت کے مطابق کبھی جاٹ، کبھی مسلم اور کبھی دلت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا ریاست کے گوشہ گوشہ سے گذرے گی اور عام مردوں، خواتین، سادھوؤں اور مہنتوں کی جو بھگوان ہنومان کی بی جے پی کی جانب سے توہین پر ناراض ہیں، تائید حاصل کی جائے گی۔ ان سے کہا جائے گا کہ راہول گاندھی کو اپنی آشیرواد دیں جبکہ یہ رتھ یاترا پٹنہ واپس پہنچ کر ایک جلسہ عام میں تبدیل ہوجائے گی۔