نئی دہلی : بہار میں سرکاری دفاتر میں اردو مترجمین کی تقرری پر بی جے پی چراغ پا ہے۔ ہندو قوم پرست جماعت نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بہار کو پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن کے ذریعہ اردو مترجم اور دیگر عہدوں کے لیے 183 کامیاب امیدواروں میں سے دس کو جمعرات کے روز خود اپنے ہاتھوں سے تقرری نامہ سونپا۔ یہ اردو مترجمین مختلف سرکاری دفاتر میں تعینات کیے جائیں گے۔ بہار کی حکمراں جنتا دل یونائیٹیڈ کی سابقہ حلیف بھارتیہ جنتا پارٹی نے اردو مترجمین کی تقرری پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ریاستی بی جے پی کے ترجمان نکھل آنند نے اردو مترجمین کی تقرری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آخر اردو مترجمین کی ضرورت ہی کیا ہے؟ بہار اسمبلی میں اردو جاننے والے ملازمین کی ضرورت نہیں ہے۔ اب تو ہر تھانے میں بھی اردو مترجم کی تقرری کی جائے گی۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ نتیش کمار بہار میں بھی ایک پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ وہ خود ہی پاکستان کیوں نہیں چلے جاتے۔ خیال رہے ہندو قوم پرست جماعت سے ناطہ توڑ لینے کے بعد سے ہی بی جے پی اور نتیش کمار کے درمیان تلخی بڑھ گئی ہے۔