دبئی : اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ علاقوں پر فلسطینی عوام کی بالادستی کی تائید و حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ الاقتصادیہ کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین طہ نے کہا ہے کہ ’اوآئی سی مقبوضہ علاقوں پر فلسطینی عوام کے حق کی لامحدود حمایت اور مدد کی پابند تھیِ، ہے اور رہے گی۔ مشرقی القدس کو فلسطینی دارالحکومت بنانے کے حامی ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’قبلہ اول مسجد اقصی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کا رشتہ اٹوٹ ہے۔ بیت المقدس کی مذہبی اور روحانی وابستگی سے کبھی دستبردار ہوئے ہیں اور نہ ہوں گے‘۔حسین طہ پیرکو او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ میں مسجد اقصی پر اسرائیل کے مسلسل جارحانہ اقدامات پرغوروخوض کے لیے بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔