بیرسٹو کی نصف سنچری ، انگلینڈ 4 وکٹوں سے کامیاب

   

گراس آئل۔6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جانی بیرسٹو (68) کی نصف سنچری اننگز اور میڈیم فاسٹ بولر ٹام کیرن (36 رنز پر چار وکٹ) کی بہترین بولنگ کی بدولت انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں چار وکٹ سے شاندار جیت درج کرلی ہے ۔انگلینڈ نے یہاں سینٹ لوسیا اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اووروں میں آٹھ وکٹ پر160 رنز بنائے ۔ اس کے جواب میں انگلینڈ نے18.5 اوور میں چھ وکٹ پر161 رنز بنا کر جیت اپنے نام کر لی۔ اس جیت کے ساتھ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ نے 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے ۔مہمان ٹیم کی جیت میں اہم کردار بیرسٹو نے ادا کیا اور مین آف دی میچ بھی بنے ، انہوں نے40 گیندوں میں نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی، جو ان کی ٹوئنٹی20 میں تیسری نصف سنچری بھی ہے ۔بیرسٹو کو میچ کے 12 ویں اوور میں آف اسپنر ایشلے نرس کی گیند پرکارلاس بریتھویٹ نے باؤنڈری پر آوٹ کیا۔ بیرسٹو اپنی ٹیم کے لئے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ جو ڈینلے نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے سیم بلنگ کیساتھ 50 رنز کی ساجھے داری کی اور ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی اننگز میں نکولس پورن نے37 گیندوں میں58 رنزکی نصف سنچری اننگزکھیلی جبکہ اس کے تجربہ کار بیٹسمینوںکرس گیل، شائی ہوپ سستے میں آؤٹ ہو گئے ۔ انگلینڈ کیلئے کیرن نے چار اوور میں36 رنز دے کر چار وکٹ لئے جبکہ کرس جارڈن کو دو وکٹ ملے ۔