حیدرآباد۔ 27اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود ہونے کے بعد کئی علاقوں میں دھواں دھار بارش ہوئی ۔ دونوں شہروں میں دھوپ کی شدت میں کمی آئی جبکہ کہیںبھی بارش کی اطلاعات نہیں ہیں ۔ صبح سے ہی دونوں شہروں کے علاوہ نواحی و مضافاتی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا اور دوپہر کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا لیکن دوپہر کے بعد شہر میں اچانک مطلع ابرآلود ہونے لگا اور شام تک بھی مطلع ابرآلود رہا ۔ محکمہ موسمیات سے ریاست کے 22 اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا جبکہ 7 اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کرکے پیش قیاسی کی گئی کہ بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی کے امکانات ہیں ۔ جن اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کیاگیا ان میں بارش کے امکانات ظاہر کرکے کہا گیا کہ ان اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں ۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے بھی امکانات ہیں ۔ جوگولامبا گدوال‘محبوب نگر ‘ ناگر کرنول ‘ ونپرتی ‘ نارائن پیٹ‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ ‘ سنگاریڈی‘ میڑچل ملکا جگری‘ میدک ‘ حیدرآباد‘ رنگاریڈی ‘ نرمل ‘ منچریال ‘ یدادری بھونگیری‘ جگتیال ‘ نظام آباد‘ راجنا سرسلہ ‘ کاماریڈی ‘ آصف آباد‘ عادل آباد کیلئے محکمہ کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ ان اضلاع میں 40تا50 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود ہوسکتا ہے ۔ تلنگانہ کے ان اضلاع میں آئندہ 3یوم موسم میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی بلکہ دن میں رطوبت میں اضافہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ وقفہ وقفہ سے بارشوں کا بھی امکان ہے۔محکمہ کی پیش قیاسی کے بعد تلنگانہ کے کئی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دویوم میں بارشوں کا سلسلہ شہر تک پہنچ جائے گا اور شہر میں بھی بارش ریکارڈ کی جائے گی۔3