لندن۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایر پورٹس اور فضائی کمپنیوں کا ڈیٹا فراہم کرنے والے عالمی ادارے (او اے جی) نے کہا ہے کہ اس ہفتے 60 فضائی کمپنیاں بین الاقوامی پروازیں بحال کر دیں گی۔گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں یکم جون سے تقریبا 57 لاکھ نشستیں ایک ہفتے میں مہیا ہوں گی۔او اے جی نے کہا ہے کہ اس ہفتے پروگرام کے مطابق دو لاکھ 67 ہزار پروازیں چلیں گی۔ یہ گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہوں گی۔ اس کے باوجود نشستوں کی گنجائش کورونا کی وبا پھیلنے سے قبل کے مقابلے میں 66 فیصد کم ہوگی۔بیان میں کہا گیا کہ تمام فضائی کمپنیوں کے لیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ مسافروں کا ہے کہ کتنی تعداد میں ریزرویشن کرائی جائیں گی۔مشرق وسطیٰ اور وسطی امریکہ میں رواں ہفتے کے دوران پروازں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب میں داخلی پروازوں کی بحالی سے فضائی سفر کی گنجائش بڑھے گی۔ بیشتر بڑے علاقائی ا سٹیشنوں میں نشستوں کی گنجائش میں اضافہ ہوا ہے۔او اے جی کے مطابق جون کا پہلا ہفتہ فیصلہ کن ثابت ہوگا تاہم موسم گرما کی بابت توقعات کے حوالے سے محتاط رویہ اپنانا پڑے گا۔ بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے گی۔ ابھی تک فضائی کمپنیاں مسافروں کا اعتماد بحال نہیں کر سکی ہیں۔ کئی محرکات ایسے ہیں جو فضائی کمپنیوں کے بس سے باہر ہیں۔دوسری جانب امارات ایر کے چیئرمین کلاک نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ ماہ سیاح دبئی آنے لگیں گے۔