مسروقہ زیورات و اشیاء ضبط ، کمشنر پولیس سائبر آباد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے مادھاپور زون پولیس کے ساتھ ایک بڑی کارروائی میں بین ریاستی سارقوں کی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ شمالی ہند کی ریاست اُترپردیش سے تعلق رکھنے والے اس بدنام زمانہ ٹولی کو بڑی مستعدی سے ایس ۔او ۔ٹی نے بے نقاب کیا اور ان کے مقام پر پہونچکر ان چار سارق 34 سالہ آدتیہ کمار ساکن بلند شہر ، 47 سالہ منی راجورا ساکن رشی کیش اُترکھنڈ ، 63 سالہ سریندر کمار شرما ساکن سہارنپور اور 32سالہ پنکج چودھری ساکن بلند شہر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے مسروقہ 600 گرام طلائی زیورات ، 2 کیلو چاندی کی اشیاء اور 2کاروں کو ضبط کرلیا جن کی مالیت 35لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ ریاست تلنگانہ ، آندھراپردیش ، ٹاملناڈو اور مدھیہ پردیش میں اس ٹولی نے وارداتیں انجام دیں۔ ریاست تلنگانہ میں سائبرآباد حدود میں 5، سنگاریڈی اور کریم نگر میں ایک ایک کے علاوہ آندھراپردیش کے اونگول ، ٹاملناڈو کے کانچی پورم اور مدھیہ پردیش کے جبل پور میں ایک ایک وارداتیں انجام دیں۔ اس ٹولی کی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے سائبرآباد پولیس نے ایک نشانہ مقرر کیا تھا کہ عنقریب اس ٹولی کو بے نقاب کیا جائے گا اور انھیں قانون کے شکنجہ میں کسا جائے گا ۔ایس او ٹی نے کمشنر کی ہدایت پر سخت محنت کرتے ہوئے اس ٹولی کی تمام اطلاعات کو حاصل کرلیا اور اُترپردیش پہونچی اور اُنھیں گرفتار کرنے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کرتے ہوئے سائبرآباد منتقل کیا گیا ۔ یہ ٹولی شمالی ہند اپنے مقامات سے نکل کر جنوبی ہند کی طرف رُخ کرتے تھے اور اپنے آپ کو تاجر اور جائیدادوں کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کاریں سرقہ کے لئے پہونچنے کے بعد کار کو پارک کیا جاتا اور فلیٹ کی خریدی کیلئے گراہک کی شکل میں اپارٹمنٹ میں داخل ہوجاتے تھے اور اپارٹمنٹ میں بند اور مقفل فلیٹ کا تالہ توڑکر سرقہ انجام دیاکرتے تھے جس کے بعد دوسرے مقام پر چلے جاتے تھے ۔ ایس او ٹی سائبرآباد مادھاپور زون اور باجوپلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کیا ۔ کمشنر پولیس نے ماتحت عہدیداروں کی ستائش کی ۔ اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے ۔
