بیویوں کے احتجاج پر شوہروں کو معطل کرنے کی مذمت

   

معطل شدہ پولیس کانسٹبلس کو بحال کرنے آر ایس پروین کمار کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے قائد آر ایس پروین کمار نے کہا کہ بیویوں کے احتجاج پر شوہروں کو معطل کرنے کا قانون کہیں بھی نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے معطل شدہ پولیس ملازمین کو فوری ڈیوٹی سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آر ایس پروین کمار نے کہا کہ نلگنڈہ میں 12 ویں بٹالین کے کانسٹبلس کو معطل کرنے کی مذمت کی ۔ پولیس کانسٹبلس کو معطلی کو فوری برخاست کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں پولیس ملازمین کا کافی احترام کیا گیا ۔ کانگریس کے دور حکومت میں محکمہ پولیس کے اختیارات چھین لیے گئے ۔ سیاسی امور کے لیے ان کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ وزیر داخلہ کی بھی عدم موجودگی سے لا اینڈ آرڈر پر اس کا برا اثر پڑرہا ہے ۔ جس دن یوم پولیس شہیداں منایا گیا اسی دن پولیس کانسٹبل کے ارکان خاندان احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر اتر آئے ۔ ماضی میں کے سی آر کے دور حکومت میں اسپیشل کانسٹبلس کو 15 دن ڈیوٹی انجام دینے پر چار دن کے تعطیلات ہوا کرتے تھے ۔ ریونت ریڈی کے دور حکومت میں 26 دن ڈیوٹی انجام دینے پر چار دن کی تعطیل دی جارہی ہے ۔ شوہروں کے گھر سے بچوں سے دور ہونے پر کانسٹبلس کی بیویوں نے احتجاج کیا تھا ۔ جس پر ان شوہروں کو معطل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں قتل و غارت گری ، جرائم کی شرح میں اضافہ ہوگیا ۔ وزارت داخلہ کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہونے کے باوجود ریاست کے لا اینڈ آرڈر پر کوئی توجہ نہ دینے کا الزام عائد کیا ۔۔ 2