دبئی ۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف شکست کے بعد چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ ناقص بیٹنگ ٹیم کے لئے اب بھی تشویش کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ بنگلور نے چنئی کو 170 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں چنئی 20 اوور میں آٹھ وکٹوں پر 132 رن ہی بنا سکی اور 37 رنز سے ہار گئی۔ امباتی رائیڈو نے چنئی کی جانب سے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے ۔ دھونی نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہم نے آخری چار اوورز میں حکمت عملی کے مطابق بولنگ کی۔ اس سے قبل ہماری بولنگ بہتر تھی اور ہمیں اسے آخر تک برقرار رکھنے کی ضرورت تھی۔ بیٹنگ ہمارے لئے اب بھی تشویش کا سبب بنی ہوئی ہے اور اس میچ میں بھی یہ ہمارے لئے پریشانی کا باعث رہا ہے ۔ ہمیں اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیزوں کو اس طرح نہیں جانے دے سکتے ہیں۔ یہ غلطی مسلسل ہورہی ہے ۔