حیدرآباد : بیٹی کی لومیاریج سے پریشان خودکشی کی کوشش کرنے والے ایک باپ کو بی بی نگر پولیس نے بچالیا ۔ آج صبح ڈائیل 100 پر وصول شکایت کا فوری جائزہ لیتے ہوئے بی بی نگر پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ۔ پٹرول موبائیل کے اسٹاف عملہ نے بی بی نگر کے مضافات میں ریلوے ٹریک پہنچ کر اس شخص کو بچالیا جو پٹریوں پر لیٹ گیا تھا اور ٹرین کے انتظار میں تھا ۔ پولیس نے فوری اس شخص کو حراست میں لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ اس شخص کی شناخت 50سالہ رمیش کی حیثیت سے کی گئی جو پیشہ سے انجنیئرنگ کالج میں بس چلاتا تھا جو پدا گڈیم ویلیج پوچم پلی منڈل کا ساکن تھا ۔ جب پولیس نے اس کی کونسلنگ کی اور وجوہات کا پتہ چلایا تو اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ جینا نہیں چاہتا ، اس کی بیٹی چندنا نے اس کی مرضی کے خلاف اپنی پسند سے لومیاریج کیا تب سے وہ ٹوٹ چکا تھا ۔