ممئبی۔ دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول کے سالانہ تقریب کا ہر طرف چرچا ہورہا ہے۔ یہ تقریب کافی شاندار انداز میں منعقد کی گئی تھی، جس میں بالی ووڈ کے کئی ستاروں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں شاہ رخ خان، گوری خان، امیتابھ بچن، ایشوریہ رائے بچن، کرینہ کپور جیسے ستارے اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے پہنچے۔ جہاں ایک طرف اسٹارز کے بچے سالانہ تقریب میں مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آئے تو دوسری جانب ان کے والدین ان کے لیے داد دیتے ہوئے نظر آئے۔ سالانہ تقریب کی کئی ویڈیوز اور تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہیں۔ ان میں ابھیشیک بچن اور ایشوریہ کی بیٹی آرادھیا اور شاہ رخ خان کے چھوٹے بیٹے ابراہم مظاہرہ کرتے نظر آئے۔ ڈرامے میں آرادھیا نے مسز کرنگل کا کردار اداکیا اور ابراہم نے سنو مین کا کردار ادا کیا جسے لوگوں نے بہت پسند کیا۔ شاہ رخ خان بھی ابراہم کی اداکارہ کو کیمرے میں قید کرتے ہوئے نظر آئے، اس دوران شاہ رخ خان کی فلم سودیش کا ایک گانا بھی تقریب کی زینت بنا۔ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں شاہ رخ کو اپنی ہی فلم سودیش کے گانے یہ جو دیش ہے تیرا کے بول گنگناتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے ان کی پرانی یادیں تازہ ہوگئیں، اس دوران وہ جذباتی ہوتے بھی نظر آئے۔ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان بھی اپنے بھائی کی اداکاری کا نظارہ کرنے آئی تھیں۔ ابراہم نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ‘مفاسا: دی لائن کنگ’ میں اپنے والد اور بھائی کے ساتھ اپنی آواز دی ہے۔