حیدرآباد۔/30اپریل، ( سیاست نیوز)کلثوم پورہ کے علاقہ میں بیٹے کے ہاتھوں باپ کے قتل کی سنگین واردات پیش آئی۔ باپ کے قتل کے بعد بڑے بھائی کی مدد سے باپ کی نعش کو پھینکنے والے دو بھائیوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔مقتول کی دوسری بیوی کے بیٹے نے مقتول کی گمشدگی کی شکایت درج کرایا تھا اور معاملہ ایک پولیس اسٹیشن کے تحت پایا جاتا ہے۔ کلثوم پورہ انسپکٹر اشوک کمار نے بتایا کہ 54 سالہ نارائن راؤ جو نودیا نگر علاقہ کا ساکن تھا اس کی نعش کو پولیس نے موسی ندی سے برآمد کرلیا جسے دو بیٹوں نے پھینک دیا تھا۔ پولیس کے مطابق نارائن راؤ کی دو بیویاںہیںاور پہلی بیوی کے بیٹے مہادیو نے باپ کا قتل کیا اور بڑے بھائی کی مدد سے اس کی نعش کو موسی ندی کے نالے میں پھینک دیا۔ نارائن راو اکثر چھوٹی بیوی کے یہاں رہتا تھا ۔ 24 اپریل کو حسب روایت وہ بڑی بیوی کے گھر پہنچا اور رات سورہا تھا کہ اس کے بیٹے مہادیونے تار سے اس کا گلہ گھونٹ دیا۔گھر میں شور دیکھ کر مہادیو کا بڑا بھائی اوپری منزل سے نیچے اترا جب تک نارائن راؤ کی سانس چل رہی تھی اس نے فوری اسے ہاسپٹل منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن درمیان راستہ میں نارائن راؤ فوت ہوگیا۔ جس کے بعد ان دونوں بھائیوں نے باپ کی نعش کو پھینک دیا ۔ جبکہ 24 اپریل سے نارائن راؤ کے لاپتہ ہونے پر پریشان چھوٹی بیوی کے بیٹے نے کلثوم پورہ پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی۔