بیڈمنٹن کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں لن ڈین: چونگ وی

   

پتراجیا (ملائیشیا)، 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بیڈمنٹن میں ہمیشہ اس بات پر بحث رہی ہے کہ بیڈمنٹن کا سب سے بڑا کھلاڑی کون ہے ملائیشیا کے آئکن کھلاڑی لی چونگ وی نے اس بحث کا اختتام کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے لن ڈین بیڈمنٹن کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں۔عالمی بیڈمنٹن فیڈریشن کے مطابق چونگ وی نے فیس بک لائیو پر یہ بات کہی۔ملیشیا کے سابق نائب وزیر کھیل اسٹیون سم نے تاریخ کے بہترین بیڈمنٹن کھلاڑی کے بارے میں پوچھا تو سابق نمبر ایک چونگ وی نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ لن ڈین بیڈمنٹن کے بہترین کھلاڑی ہیں۔وہ لیجنڈ ہیں۔ان کے بے شمار خطاب اس بات کی گواہی دیتے ہیں۔ہمیں انہیں سیلوٹ کرنا ہوگا۔چونگ وی اور لن ڈین کے درمیان مخاصمت بیڈمنٹن تاریخ کی بہترین دشمنی مانی جاتی ہے ۔سپر ڈین کے نام سے مشہور ڈین نے دونوں کے درمیان 40 مقابلوں میں سے 28 جیتے ہیں جن میں سے دو جیت اولمپک فائنل (2008 اور 2012) اور دو جیت عالمی چمپئن شپ فائنل (2011 اور 2013) میں تھیں۔ڈین نے اپنے کیریئر میں دو اولمپک طلائی اور پانچ عالمی چمپئن شپ خطاب جیتے تھے ۔