بی آر ایس ارکان نے بجٹ تقریر کے دوران واک آؤٹ کیا

   

6 ضمانتوںکی تکمیل کے مطالبہ کے تحت گن پارک پر احتجاج
حیدرآباد ۔20 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں بجٹ کی پیشکشی کے دوران بی آر ایس ارکان نے شور و غل اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بجٹ تقریر کی کاپیوں کو پھاڑ کر ہوا میں اڑادیا۔ بھٹی وکرمارکا کی بجٹ تقریر کے دوران بی آر ایس ارکان کی جانب سے وقفہ وقفہ سے حکومت کے دعوؤں کی نفی کی جاتی رہی۔ بجٹ تقریر کے اختتامی مرحلہ میں انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے بی آر ایس ارکان نے احتجاج کیا۔ بجٹ تقریر کی کاپیوں کو پھاڑ کر بی آر ایس ارکان نے ایوان سے واٹ آؤٹ کردیا۔ بی آر ایس ارکان نے الزام عائد کیا کہ بجٹ تقریر میں نئے اعلانات کے ذریعہ حکومت عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ عوام کو پھر ایک مرتبہ دھوکہ دینے کیلئے بجٹ میں کئی دعوے کئے جارہے ہیں۔ بی آر ایس ارکان نے کہا کہ بجٹ کے ذریعہ حکومت عوام کے کان میں پھول رکھ رہی ہے۔ ارکان نے پھول کو اپنے کان پر رکھتے ہوئے احتجاج درج کرایا اور ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ بی آر ایس ارکان کے احتجاج کے دوران ہی ڈپٹی چیف منسٹر نے اپنی بجٹ تقریر جاری رکھی ۔ بجٹ کی پیشکشی سے قبل بھی بی آر ایس ارکان نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اسمبلی کے باب الداخلہ پر بی آر ایس کی جانب سے دھرنا منظم کیا گیا۔ بجٹ میں حکومت کی جانب سے کئے گئے دعوؤں کی بی آر ایس ارکان نے نفی کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام ہوچکی ہیں۔ بی آر ایس ارکان نے کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ کی قیادت میں گن پارک میں شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر احتجاج کیا۔1