مہنگائی اور بے روزگاری سے ملک کا ہر طبقہ بیزار، ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کی سیاست نیوز سے بات چیت
نرمل۔/17 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت نے اپنے دور اقتدار صرف اور صرف سرمایہ داروں کی خوشنودی کیلئے کام کیا ہے۔ سارے ملک میں ڈگریاں لینے والے نوجوان بیروزگار سڑکوں پر آگئے ہیں ، حکومت کو نہ بیروزگاروں کی فکر ہے اور نہ ہی ملک کے غریب عوام کی ۔ ہر بار ہندو، مسلمان ، مسجد مندر کے علاوہ ان کے پاس کچھ باقی نہیں۔ ملک تباہی کے دہانے پر آگیا ہے۔ ایسے ماحول میں ہمارے وزیر اعلیٰ نے بی آر ایس کا قیام عمل میں لاتے ہوئے قومی سیاست میں قدم رکھا ہے جس کے ثمر آور نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نے اپنی رہائش گاہ پر نمائندہ سیاست جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ باقاعدہ دہلی میں BRS کے دفتر کا افتتاح کیا گیا ہے اور ملک کی مختلف علاقائی سیاسی جماعتوں نے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ کی اس شروعات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے آئندہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قدموں کو روکنے کی مساعی کی جائے گی۔ اس لئے اب ملک کا ہر طبقہ مرکز کی حکمرانی اور انتقامی سیاست سے بیزار ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے پراجکٹ کو خانگیانے کی پالیسی سے ملک کی ترقی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے جو بھی آواز اٹھاتا ہے اس کو طاقت کے ذریعہ دبادیا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ جمہوریت ہے؟۔ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی نے سلسلہ گفتگو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ آج ریاست تلنگانہ کی ترقی کو دیکھتے ہوئے دوسری ریاستوں کے عوام ہر طرف ستائش کررہے ہیں۔ مثالی ترقی والی اس ریاست میں بے مثال فلاحی اسکیمات کے ساتھ روبہ عمل لائے جارہے ہیں۔ ماضی میں آئے دن عوام برقی کی ناقص سربراہی کو لے کر سڑکوں پردھرنا دیتے رہے لیکن آج ٹی آر ایس حکومت کا تاریخ ساز کارنامہ ہے کہ برقی کی کٹوتی کامسئلہ مکمل طور پر حل کرتے ہوئے برقی کی سربراہی عمل میں آرہی ہے۔ شادی مبارک اسکیم ملک کی تاریخ میں کہیں نظر آئے گی ، رعیتو بندھو ، رعیتو بیمہ، ایسی کئی ایک اسکیمات ہیں جن پر عمل آوری سے ریاست کا ہر طبقہ چندر شیکھر اؤ کی مستحکم قیادت اور کارکردگی سے مطمئن ہے بلکہ آنے والے دنوں میں ملک کی سیاست میں BRS کا انتہائی اہم کردار رہے گا۔ مختلف ریاستوں کے عوام چندرشیکھر اؤ وزیر اعلی کی قومی سیاست میں آمد پر خوشی و مسرت کا اظہار کررہے ہیں۔