خواتین پر مظالم میں اضافہ ، نوجوان سڑکوں پر : سید ولی اللہ قادری
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : کمیونسٹ جماعت کی یوتھ وینگ تلنگانہ اے آئی وائی ایف کے صدر ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری نے سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دینے والی بی آر ایس کو اقتدار سے محروم کردینے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس حکومت بیروزگاری بھتہ ، روزگار ، 12 فیصد مسلم تحفظات ، ڈبل بیڈ روم مکانات ، کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی ، وقف کمشنریٹ کی فراہمی میں ناکام ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں بدعنوانیاں عروج پر پہونچ چکی ہیں ۔ سرکاری سرپرستی میں لوٹ کھسوٹ میں ملوث ہونے والوں کی سرپرستی کی جارہی ہے ۔ خواتین پر مظالم میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ان تمام مسائل کے علاوہ دوسرے امور پر حیدرآباد میں منعقد ہونے والی اے آئی وائی ایف کی دوسری ریاستی کانفرنس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گروپ I امتحان کا انعقاد کرانے میں بی آر ایس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ ریاست میں امتحانات کا انعقاد اور پیپرس کا افشا ہوجانے سے طلبہ میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ بیروزگاری بھتہ کا 5 سال قبل وعدہ کیا گیا جس پر آج تک عمل آوری نہیں ہوئی اور نہ ہی روزگار فراہم کیا گیا جس کے بعد نوجوان سڑکوں پر احتجاج کرنے کے لیے مجبور ہوگئے ۔ یونیورسٹیز میں لکچرارس اور پروفیسرس کی جائیدادیں طویل عرصے سے مخلوعہ ہیں جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ حکومت لکچرارس اور پروفیسرس کا تقرر کرنے کے بجائے خانگی یونیورسٹیز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک طرف تعلیم کو مہنگا کررہی ہے دوسری طرف طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے ۔۔ ن