پالمور لفٹ ایریگیشن سے لاکھوں ایکر اراضی کی سیرابی کے دعوے کھوکھلے : بی جے پی
نارائن پیٹ /20 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پالمور رنگاریڈی لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ متحدہ ضلع محبوب نگر کے لاکھوں ایکر اراضی کو سیراب کرنے کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر کے جھوٹے دعوے کو 16 ستمبر کے دن افتتاح کے موقع پر تلنگانہ کے عوام نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ۔ جہاں 6 ویزروائر پر محیط پالمور رنگاریڈی لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے اختتام پوائنٹ لکشمی دیوی پلی تک پانی کو لفٹ کرنے کیلئے 35 موٹرس کو 35 دن مسلسل چلانے کی ضرورت پڑتی ہے لیکن وہاں پر مضحکہ خیز طور پر لاکھوں عوام کے سامنے پراجکٹ کے پہلے مرحلہ انجنا گیری ریزرویر پر صرف ایک پمپ کا افتتاح کرنا پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے جو عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے جلدبازی میں کیا گیا ہے ۔تاکہ انتخابات میں اس کا سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار ناگو راؤ ناموجی ایڈوکیٹ ریاستی بی جے پی قائد نے نارائن پیٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کے ہمراہ رتنگا پانڈو ریڈی ، ستی یادو ، ٹی سرینواس و دیگر بی جے پی قائدین موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نارائن پیٹ کے عوام کو پانی کی فرامی صرف اور صرف جی او نمبر 69 نارائن پیٹ ، کوڑنگل لفٹ ایریگیشن پراجکٹ سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی او 69 جس کے تحت جورالاپراجکٹ جو نارائن پیٹ سے صرف 70 کیلومیٹر پر واقع ہے ۔ کم لاگت میں نارائن پیٹ ضلع کے ایک لاکھ ایکڑ زمین کو سیراب کیا جاسکتا ہے ۔ وہاں آج پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کے سری سیلم سے جو 250 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔ اتنی دور سے پانی کی فراہمی کا دعوی کرنا ناقابل یقین ہے ۔ نارائن پیٹ کے کنڈہ ریڈی پلی تالاب جہاں سے پہلے 800 ایکر زمین کو سیراب کیا جاتا تھا ۔ آج تالاب پر بننے والے کٹہ کے سبب صرف 100ایکر زمین کو سیراب کیا جارہا ہے ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی نے عوام کو دھوکہ دیا ہے کہ وہ صرف تین سال کے اندر پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔ اس کے برخلاف ان کے دور میں سینکڑوں زرعی مزدور اور کسان روزگار کیلئے نقل مقام کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر پڑوسی ریاستوں کے بڑے صنعتی شہروں کا رخ کر رہے ہیں ۔ آخر میں انہوں نے نارائن پیٹ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس کے جھوٹے وعدوں کے جھانسے میں نہ آئیں ۔ اور نارائن پیٹ اور ریاست کی ترقی کیلئے بی جے پی کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ وقارآباد ، براہ نارائن پیٹ ترنگا ریلوے لائن اور نارائن پیٹ ، کوڑنگل لفٹ اریگیشن کو منظوری دلوانے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بی جے پی کو و وٹ دیں ۔ اس موقع پر مسٹر راگھویر یادو ایڈوکیٹ و دیگر موجود تھے ۔