فہرست میں مسلمانوں کی شمولیت کا بہانہ کرتے ہوئے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے بی جے پی پر فرقہ پرستی کی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی سی تحفظات کی بی جے پی سب سے بڑی دشمن ہے۔ اس کے ثمرات سے بی سی طبقات کو محروم رکھنے کے لئے بل میں مسلمانوں کی موجودگی کا بہانہ کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کی جانب سے آج اندرا پارک پر منعقد کئے گئے مہادھرنا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی مقامی اداروں کے انتخابات میں ہر حال میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرے گی۔ کانگریس پارٹی نے کاماریڈی میں جو بی سی ڈکلریشن جاری کیا ہے اس پر حکومت قائم ہے اور سنجیدگی سے بی سی تحفظات کے لئے کام کررہی ہے۔ بی جے پی نہیں چاہتی کہ بی سی طبقات کو تحفظات حاصل ہوں۔ اس میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لئے مسلمانوں کا بہانہ کیا جارہا ہے۔ اگر بی جے پی قائدین کو بی سی طبقات سے ہمدردی ہے تو وہ دہلی پہنچ کر وزیر اعظم کو بی سی طبقات کے 42 فیصد تحفظات کے لئے رضامند کرائیں اور اس کو دستور کی 9 ویں شیڈول میں شامل کرائیں۔ اندرا پارک پر دھرنا منظم کرنے والے بی جے پی کے قائدین مخالف تحفظات ذہن رکھنے والے ان پر بھروسہ کرکے بی سی طبقات غلطی نہ کریں۔ بی جے پی نے کبھی بھی بی سی طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کے حق میں نہیں رہی ہے۔ منڈل کمیشن کے تحفظات پر بھی بی جے پی نے اعتراض کیا تھا۔ کانگریس پارٹی نے عوام سے جو وعدہ کیا ہے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس کو پورا کرکے دکھایا ہے۔ بی سی طبقات کانگریس حکومت کی سنجیدگی سے اچھی طرح واقف ہے وہ بی جے پی کے گمراہ کن مہم کا ہر شکار نہیں بنیں گے۔ 2