بی جے پی ،آر ایس ایس کے سبب خانہ جنگی جیسی صورتحال

,

   

کمیونسٹ قائد ڈی راجہ کا الزام ، سی اے اے کیخلاف پرامن احتجاج جاری رکھنے کی حمایت

پٹنہ ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے ملک میں خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا کردی ہے ۔ انہوں نے ملک بھر میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کی حمایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تقسیم کرنے والا مسئلہ اٹھانے کے باعث ملک بھر میں عدم تشدد ، پرامن عوامی تحریک جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک جمہوریت کے تحفظ ، دستور کے تحفظ اور ہندوستان کے تحفظ کیلئے تاریخی اہمیت کی حامل ہے ۔ ڈی راجہ بہار کے دورہ پر ہیں جنہوں نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریت ترمیمی قانون کو منسوخ کرنے کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا ۔کمیونسٹ قائد نے کہا کہ اس قانون کے باعث عوام میں کئی شکوک و شبہات پیدا ہور ہے ہیں کیونکہ یہ امتیاز پر مبنی ہے ۔ یہ قانون صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ آدی واسی اور دوسرے طبقات کے بھی خلاف ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ شہریوں کی جانب سے اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے ۔ احتجاجی عوام اپنے ہاتھوں میں مہاتما گاندھی ، امبیڈکر اور بھگت سنگھ کے پوٹریٹ تھامے ہوئے ہیں جنہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، سماجی انصاف اور آزادی کیلئے جدوجہد کی تھی ۔