بی جے پی ارکان اسمبلی گروگرام کی ہوٹل میں محروس

   

بنگلورو۔17جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی پر حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کہا کہ بھگوا پارٹی اپنے ارکان اسمبلی کو گروگرام کی ایک ہوٹل میں حراست میں رکھ رہی ہے ۔ سیاسی اتھل پتھل کو ہوا دیتے ہوئے جو ان اطلاعات کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے کہ بی جے پی کانگریس ارکان اسمبلی کو لالچ دے رہی ہے ۔ کمارا سوامی نے اس الزام کو مسترد کردیا کہ وہ بی جے پی کے ارکان اسمبلی کا شکار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد ذرائع ابلاغ کا استحصال کرتے ہوئے یہ غلط احساس پیدا کررہے ہیں کہ 15جنوری کو انہوں نے یا اُن کی پارٹی نے بی جے پی ارکان اسمبلی کو کسی قسم کی لالچ دی تھی ۔ ایچ ڈی کمارا سوامی ان اطلاعات کا حوالہ دے رہے تھے جن میں بی جے پی نے ادعا کیا ہیکہ 15جنوری کو سنکرانتی کے موقع پر ’’کچھ کرانتی‘‘ ( کچھ انقلاب ) آئے گی ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر یدی یورپا نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا ہیکہ کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) قائدین خاص طور پر چیف منسٹر پارٹی ارکان اسمبلی کو ترغیب دے رہے ہیں ۔ کمارا سوامی نے کہاکہ یہ اطلاع ان کیلئے حیرت انگیز ہے ۔ وہ ہر قسم کی کوشش کررہے ہیں کہ حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرسکیں۔