وائی ایس آر کانگریس پر دھاندلیوں کا الزام
آن لائن پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی تجویز
حیدرآباد۔ تلنگانہ کی طرح آندھرا پردیش میں بی جے پی نے قدم جمانے کیلئے میگا ا سٹار پون کلیان کا سہارا لیا ہے۔ مجوزہ پنچایت انتخابات میں بی جے پی اور جنا سینا متحدہ طور پر مقابلہ کریں گے۔ دونوں پارٹیوں نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ گرام پنچایت انتخابات میں آن لائن پرچہ نامزدگی کے ادخال کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ کورونا سے بچتے ہوئے امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کرسکیں۔ دونوں پارٹیوں نے باہمی مفاہمت کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سوموویراجو اور جنا سینا کے سیاسی اُمور کمیٹی کے صدرنشین این منوہر نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ دونوں پارٹیوں نے انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں پارٹیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نتائج حوصلہ افزاء رہیں گے۔ پنچایت انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ انعقاد پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی اور جنا سینا قائدین نے الزام عائد کیا کہ برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین اپوزیشن کو پرچہ نامزدگی کے ادخال سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ریاستی وزراء امیدواروں کو دھمکارہے ہیں اور ان کے اغواء کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو پرچہ جات نامزدگی سے روکتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی پنچایت اداروں میں اکثریت حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ برسراقتدار پارٹی نے متفقہ انتخاب کو یقینی بنانے کی سرگرمیاں پہلے ہی سے شروع کردی ہیں۔