کانگریس ہی ٹی آر ایس کا متبادل، پونم پربھاکر کا بیان
حیدرآباد۔یکم اگست (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے گھر گھر کانگریس مہم کے تحت چپادنڈی علاقہ میں کانگریس پارٹی کا پرچم لہرایا۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔ پونم پربھاکر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے ٹی آر ایس حکومت نے عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدہ کی گزشتہ پانچ برسوں میں تکمیل نہیں کی ہے۔ غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات اور دلتوں کو تین ایکر اراضی فراہم کرنے کا وعدہ کھوکھلا ثابت ہوا۔ آج تک غریبوں کو مکانات کا انتظار ہے جبکہ دلت خاندان اراضی کے لئے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ اقتدار کے چار ماہ گزرنے کے باوجود کے سی آر حکومت نے وعدوں کی تکمیل پر توجہ نہیں دی۔ پونم پربھاکر نے بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن پر سخت تنقید کی جنہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 105 اسمبلی حلقوں میں ڈپازٹ ضبط ہوگئی تھی۔ بی جے پی کے پاس امیدواروں کی کمی کے باعث غیر معروف افراد کو ٹکٹ دے دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے لئے کوئی مقام نہیں ہے، عوام فرقہ پرست سیاست کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ٹی آر ایس کا متبادل صرف اور صرف کانگریس پارٹی بن سکتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کے بی جے پی قائدین مرکزی حکومت سے تنظیم جدید قانون میں کئے گئے تیقنات پر عمل آوری کے بارے میں سوال کرنے سے قاصر ہیں۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کے ساتھ مسلسل ناانصافی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں۔ کے سی آر نے بی جے پی اور مجلس کو ساتھ لے کر کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر لکشمن بی جے پی آفس پر ٹی آر ایس اور مجلس کی حلیف جماعت کا بورڈ آویزاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تلنگانہ میں مستحکم ہے اور 2023 ء میں کانگریس کی حکومت کا بننا یقینی ہے۔