نئی دہلی ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن جی وی ایل نرسنگھ راؤ کی پریس کانفرنس کے دوران ایک شخص نے اسٹیج پر جوتا پھینکا جو اتفاق سے کسی کو نہیں لگا۔ پارٹی کے مرکزی ہیڈکوارٹر میں نرسنگھ راؤ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ان کی بائیں طرف بی جے پی کے جنرل سکریٹری بھوپیندر یادو بیٹھے تھے۔ اسی دوران ایک شخص نے اچانک اسٹیج کی بائیں طرف سے ایک جوتا پھینکا جو مسٹر نرسنگھ راؤ کے آگے سے نکل گیا اور اتفاق سے کسی کو لگا نہیں۔ اس واقعہ سے وہاں بیٹھے نامہ نگار اور اسٹیج پر بیٹھے نرسنگھ راؤ اور مسٹر یادو چونک گئے۔ بی جے پی کے میڈیا محکمہ میں کام کرنے والے کارکن جتیندر اور اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ کے خصوصی افسر دیویندر سنگھ راوت نے جوتا پھینکنے والے شخص کو پکڑ لیا اور اسے فوراً باہر لے گئے۔ بعد میں اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
