بی جے پی ترقی کے کاموں میں رکاوٹ ڈالنے میں مصروف:سسوڈیا

   

نئی دہلی۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسوڈیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ قومی دارالحکومت میں حکمراں عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کام کو روکنے کے لیے جھوٹی شکایتیں درج کر رہی ہے۔سسوڈیا کا یہ تبصرہ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے حال ہی میں انسداد بدعنوانی برانچ (اے سی بی) کے ذریعہکورونا وبائی امراض کے دوران یہاں سات عارضی دواخانوں کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات کو منظوری دینے کے چند دن بعد آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم مکمل طور پر ایماندار حکومت ہیں اور ہم کسی بھی تحقیقات سے نہیں ڈرتے۔ بی جے پی دہلی حکومت کی طرف سے مختلف شعبوں میں کئے جا رہے کاموں کو روکنے کے لیے اس طرح کی شکایتیں درج کر رہی ہے۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ ایک پرانی شکایت ہے اور اسے سابق لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے مسترد کر دیا تھا۔ تاہم نئے لیفٹیننٹ گورنر نے اس معاملے کی تحقیقات کو منظوری دے دی ہے۔سسوڈیا نے سکسینہ پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کی شکایات کو نظر انداز کریں اور عام لوگوں سے بدعنوانی کی شکایات حاصل کریں۔ سسوڈیا نے کہا کہ براہ کرم مناسب طریقہ کار پر عمل کریں، لیکن حکومت کے کام میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔