’بی جے پی حکومت نے پانچ سال میں سارے ملک کو برباد کردیا‘

,

   

’مودی ۔ شاہ جوڑی نے ملک کو مذہبی خطوط پر تقسیم کیا جو پاکستان 70 سال میں نہیں کرسکا ‘ : کجریوال

وشاکھاپٹنم۔ 31 مارچ (پی ٹی آئی) عام آدمی پارٹی (عاپ) کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے زیرقیادت مرکزی حکومت آزاد کے بعد انتہائی رشوت خور حکومت نے اور گزشتہ پانچ سال کے دوران بی جے پی کے سربراہی امیت شاہ کے ساتھ انہوں نے سارے ملک کو تباہ کردیا۔ تلگو دیشم پارٹی کے صدر اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے اروند کجریوال نے دعویٰ کیا کہ مودی اور شاہ کی جوڑی نے گزشتہ پانچ سال کے دوران ملک کو اس حد تک مذہبی خطوط پر تقسیم کردیا جو پاکستان گزشتہ 70 سال میں نہیں کرسکا اس ریالی میں ترنمول کانگریس کی صدر اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے بھی شرکت کی۔ کجریوال نے کہا کہ ’ چندرا بابو نائیڈو کو دوبارہ ووٹ دینے کی اپیل کیلئے ہم یہاں آئے ہیں۔ انہوں (نائیڈو) نے جدید آندھرا پردیش کی بنیاد رکھا ہے۔ اگر انہیں مزید پانچ سالہ میعاد دی جاتی ہے تو وہ اس عمل کو تیز رفتار بنائیں گے‘۔ دہلی کے چیف منسٹر کے الزام عائد کیا کہ ملک میں ایمرجنسی اور جیسی صورتحال ہے۔ کجریوال نے دعویٰ کیا کہ ’مودی حکومت ہمارے اداروں اور عوام کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کو استعمال کررہے ہیں۔ انہوں (مودی اور شاہ) نے پانچ سال میں ملک کو تباہ کردیا ہے۔ ایک طبقہ کو دوسرے طبقہ کے مدمقابل متصادم کردیا ہے۔ ذات پات کی بنیاد پر عوام کو لڑایا جارہا ہے۔ مودی ملک میں 70 سال کی سب سے زیادہ رشوت خور حکومت کی قیادت کررہے ہیں۔ آنے والے انتخابات ملک کے نام پر لڑنے اور اس کے بعد کوئی الیکشن نہ ہونے کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے حالیہ ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ ’ہٹلر نے جرمنی کا دستور بدلا تھا اور موت آنے تک حکمرانی کی تھی۔ مودی اور شاہ بھی یہی کریں گے۔ ساکشی مہاراج نے کہا تھا کہ 2019ء کے بعد کوئی انتخابات نہیں ہوں گے‘۔ کجریوال نے عوام سے کہا کہ ’میں ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں کہ برائے مہربانی آپ مودی کو (اقتدار سے) ہٹائیں‘ عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے نوٹ بندی کو آزادی کے بعد کا سب سے بڑا اسکام قرار دیا اور کہا کہ رائے دہی کے وقت عوام کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ مودی نے آپ (آندھرا پردیش کے عوام) کو دھوکہ دیا ہے۔ مودی کسی کی بات نہیں مانتے صرف امیت شاہ سے مشورہ کیا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوٹ بندی کا اعلان کرتے ہوئے سارے ملک کو برباد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 70 سال گذرنے کے باوجود دہلی کو ہنوز مکمل ریاست کا موقف حاصل نہیں ہوسکا ہے۔ آپ (آندھرا پردیش کے عوام) یہ نہ بھولیں کہ انہوں نے آپ کو بھی دھوکہ دیا ہے۔