بی جے پی سے مفاہمت کیلئے گورنر اور چیف منسٹر کے اختلافات ختم: ریونت ریڈی

   

دھرانی پورٹل کے سی آر کیلئے اے ٹی ایم مشین، بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کی کانگریس میں شمولیت
حیدرآباد ۔25۔ اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ دھرانی پورٹل چیف منسٹر کے سی آر کے لئے اے ٹی ایم بن چکا ہے اور اراضیات کی فروخت کے ذریعہ بھاری رقومات حاصل کی جارہی ہے ۔ ریونت ریڈی نے محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم اور پالمور رنگا ریڈی پراجکٹس میں چیف منسٹر کو بھاری رقومات حاصل ہوئی ہے۔ تازہ ترین معاملہ میں دھرانی پورٹل کے سی آر کے لئے اے ٹی ایم مشین بن چکا ہے ۔ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین حامیوں کی کثیر تعداد کے ساتھ جوبلی ہلز میں واقع ریونت ریڈی کی قیامگاہ پہنچے اور کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی دھرانی پورٹل کو ختم کردیا جائے گا اور بہتر سسٹم متعارف کرتے ہوئے اراضیات کا تحفظ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور غریبوں کی اراضیات کو دھرانی پورٹل میں سرکاری قرار دیتے ہوئے جبراً حاصل کیا جارہا ہے۔ دلتوں اور قبائل کی اراضیات کو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ دھرانی پورٹل میں ریکارڈ تبدیل کرتے ہوئے دلتوں اور قبائل کی 35 لاکھ ایکر اراضی حاصل کرلی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کلکٹرس کے ذریعہ اراضیات کی معاملت کی جارہی ہے۔ انہوں نے دھرانی پورٹل کے مسئلہ پر 12000 گرام پنچایتوں میں اجلاس منعقد کرنے کا حکومت کو چیلنج کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر کسانوں کو دو لاکھ روپئے قرض معافی اسکیم پر فی الفور عمل کیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ پر تنقید کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ سرینواس گوڑ بی سی طبقات کے نام پر مراعات حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان اچانک اختلافات کی یکسوئی پس پردہ حقائق کو منظر عام پر لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے عین قبل دونوں نے راج بھون میں بند کمرے میں بات چیت کرتے ہوئے اختلافات ختم کئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کن موضوعات پر بات چیت ہوئی ۔ چیف منسٹر نے کئی مرتبہ گورنر کو تنقید کا نشانہ بنایا لیکن اچانک ان کے رویہ میں تبدیلی آچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سے ملاقات کے ذریعہ چیف منسٹر نے بی جے پی کے ساتھ خفیہ مفاہمت کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کے صدر اسد اویسی نریندر مودی کیلئے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں۔ نریندر مودی ، کے سی آر اور اسد الدین اویسی تینوں ایک ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ مرکز میں نریندر مودی کی تائید پر کے سی آر سے اسد اویسی سوال کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور مجلس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر آسرا پنشن کے تحت ماہانہ 4000 روپئے دیئے جائیں گے ۔ دو لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات ہوں گے اور غریبوں کو 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کیا جائے گا ۔