بی جے پی قومی صدر جے پی نڈا کا حیدرآباد ایئرپورٹ پر والہانہ استقبال

   

پولیس نے ریالی کی اجازت نہیں دی، پارٹی قائدین سے ایئرپورٹ پر مشاورت
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی حیدرآباد آمد کے بعد اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب بی جے پی قائدین نے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سکندرآباد مہاتما گاندھی مجسمہ تک خاموش احتجاجی ریالی منظم کرنے کی کوشش کی۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے لئے جے پی نڈا نئی دہلی سے حیدرآباد پہنچے۔ پولیس نے ایئرپورٹ پر سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے اور بی جے پی کو ریالی سے روکنے کے لئے بھاری جمعیت متعین کی گئی۔ پولیس عہدیداروں نے جے پی نڈا سے ایئرپورٹ پر ملاقات کی اور واقف کروایا کہ کووڈ تحدیدات کے تحت ریاست میں کسی بھی ریالی کی اجازت نہیں ہے۔ پولیس نے کہا کہ احتجاج کے نتیجہ میں امن و ضبط کی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 10 جنوری تک کسی بھی سیاسی، مذہبی و تہذیبی ریالی یا پروگراموں کی اجازت نہیں ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جے پی نڈا نے بتایا کہ پولیس نے کورونا تحدیدات کے تحت ریالی کی اجازت نہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ان کے جمہوری حق کو نظرانداز نہیں کرسکتی۔ وہ سکندرآباد گاندھی مجسمہ پہنچ کر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ بعد میں جے پی نڈا سکندرآباد کے لئے روانہ ہوگئے۔ ان کے ہمراہ مرکزی وزیر کشن ریڈی، ارکان اسمبلی ایٹالا راجیندر، راجا سنگھ اور رگھونندن راؤ کے علاوہ ڈاکٹر لکشمن، جتیندر ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ ایئرپورٹ پر بی جے پی کارکنوں کی کثیر تعداد نے جے پی نڈا کا استقبال کیا۔ بنڈی سنجے کی گرفتاری کے خلاف بطور احتجاج کارکن سیاہ پرچم تھامے ہوئے تھے۔ جے پی نڈا نے آمد کے فوری بعد ایئرپورٹ کی وی آئی پی لانچ میں پارٹی قائدین سے بات چیت کی۔ اس موقع پر تلنگانہ امور کے انچارج ترون چگ کے علاوہ ڈاکٹر لکشمن، کشن ریڈی، وجئے شانتی، جتیندر ریڈی، ڈی کے ارونا، رامچندر راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر جے پی نڈا کو کریم نگر میں بنڈی سنجے کی گرفتاری کی تفصیلات سے واقف کروایا گیا۔ ر