بی جے پی لیڈرکی نعش درخت سے لٹکی ہوئی ملی

   

رانچی۔ جھارکھنڈ میں جمعرات کو بی جے پی کے ایک رہنما کی نعش درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ ایک اہلکار نے تفصیلات سے واقف کروایا۔ مرنے والے کی شناخت پرمود سنگھ کے طور پر کی گئی ہے جو پلامو ضلع کے مناتو بلاک کا رہنے والا ہے۔ بی جے پی کے شیڈول ٹرائب مورچہ سیل کے صدر پرمود چہارشنبہ کی شام 5 بجے گھر سے نکلے تھے اور تب سے لاپتہ تھے۔ سنگھ کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ اسے زمین کے تنازعہ پر قتل کیا گیا ہے۔ اس کے بعد مظاہرین نے مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سمری مناتو مین روڈ کو بند کردیا۔ قتل اور سڑک بلاک کرنے کی اطلاع ملنے کے بعد پنکی کے بی جے پی ایم ایل اے ششی بھوشن مہتا، لیسلی گنج کے ایس ڈی پی او آلوک ٹوٹی اور مناتو پولیس اسٹیشن کے انچارج آلوک دوبے موقع پر پہنچے اور لوگوں کو منانے کی کوشش کی۔ لواحقین نے مناتو تھانہ انچارج پر بھی لاپرواہی کا الزام لگایا ہے۔ خاندان کے ایک رکن نے کہا جب پرمود سنگھ رات کوگھر واپس نہیں آیا تو میں پولیس اسٹیشن گیا اور اس کی اطلاع دی، لیکن پولیس نے مجھے ڈانٹ کر واپس بھیج دیا، اگر پولیس بروقت کارروائی کرتی تو سنگھ کی جان بچ جاتی۔ مہتا نے کہا کہ ہم اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور پولیس سے اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے کو جلد حل کیا جائے اور مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔