بی جے پی میں امیت شاہ کی ڈکٹیٹرشپ: وجئے شانتی

   

حیدرآباد ۔ 7۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین اور فلم اسٹار وجئے شانتی نے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے بارے میں بعض ٹوئیٹ کئے ہیں جس سے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے ۔ بی جے پی میں امیت شاہ کے بڑھتے غلبہ کے سبب پارٹی کے دیگر قائدین کی ناراضگی کا بھی انہوں نے تذکرہ کیا۔ آئندہ انتخابات میں این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کی تائید کے بغیر ہی نریندر مودی حکومت کی تشکیل سے متعلق امیت شاہ کے دعوے کا حوالہ دیتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ حلیف جماعتوں کی اہمیت کو کم کردیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ چندرا بابو نا ئیڈو نے این ڈی اے سے علحدگی اختیار کرلی ہے۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ایک شخص کے اطراف پارٹی گھوم رہی ہے جس کے نتیجہ میں کئی سینئر قائدین نے دوری اختیار کرلی ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ امیت شاہ کے ریمارکس سے ان کی آمرانہ ذہنیت کا انداز ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے ریما رکس پر شیوسینا کا ردعمل کیا ہوگا ، اس کا عوام کو انتظار ہے ۔ وجئے شانتی نے متواتر 4 ٹوئیٹ کئے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ صرف نریندر مودی کی تعریف کر رہے ہیں اور انہیں این ڈی اے کی حلیف جماعتو ںکی کوئی پر واہ نہیں جو امیت شاہ کی ڈکٹیٹر شپ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے امیت شاہ کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات مودی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہوں گے۔