بی جے پی نہیں ، کانگریس ہی ٹی آر ایس کی اصل حریف: کے ٹی آر

   

حیدرآباد۔یکم جنوری، ( پی ٹی آئی ) ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے چہارشنبہ کو کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس کی اصل حریف بی جے پی نہیں بلکہ کانگریس جیسی قدیم پارٹی ہے۔ یہ وہی پارٹی (کانگریس ) ہے جو 100 سالہ تاریخ رکھتی ہے اور کئی نشیب و فراز دیکھ چکی ہے۔ ( کسی پارٹی کو انتخابات میں ملنے والی ) محض دو تین کامیابیوں کو ہمارے سر پر سے نہیں گذرنا چاہیئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فرزند کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ’’ کانگریس زائد از 100 سالہ قدیم تاریخ رکھتی ہے ، وہ ( کانگریس ) کئی نشیب و فراز دیکھ چکی ہے۔ کانگریس ایک ایسی پارٹی ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ بات میں پوری انکساری کے ساتھ کہہ رہا ہوں ۔‘‘ انہوں نے یہ ریمارک اُس وقت کیا جب اُن کی توجہ صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے اس تبصرے پر مبذول کروائی گئی کہ وہ ( اتم کمار ریڈی ) بلدیات کے انتخابات کے بعد پردیش کانگریس کی صدارت سے سبکدوش ہوجائیں گے اور اپنے حلقہ پر توجہ مرکوز کریں گے۔