’بی جے پی نے تو ہنومان کے گھر میں ہی آگ لگا دی‘

,

   

Ferty9 Clinic

چراغ پاسوان کا بنگلہ خالی کرانے پر تیجسوی یادو کا طنز
پٹنہ:لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی۔ رام ولاس) کے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کو دہلی کے 12 جن پتھ بنگلے سے بے دخل کرنے پر آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ہنومان کے بنگلے میں ہی آگ لگا دی گئی۔‘‘ ہفتہ کے روز تیجسوی یادو نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان اور چراغ پاسوان وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہی کھڑے رہے، لیکن ان کے گھر میں ہی آگ لگا دی گئی۔پٹنہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تیجسوی نے جموئی کے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کو بنگلے سے بے دخل کرنے پر بی جے پی کو شدید تنقدی کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پارٹی کو توڑ دیا ‘ لیڈروں کو الگ کر دیا اور اب بنگلہ سے بھی بے دخل کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ چراغ پاسوان تو خود کو ہنومان کہا کرتے تھے، اب ہنومان کے گھر میں ہی آگ لگا دی۔بی جے پی کے یوگی ماڈل کے بہار میں نافذ کرنے سے متعلق پوچھے جانے پر آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ کیا اب تک بہار میں ’سرکس ماڈل‘ ہے؟ بہار کے لوگ تو دیکھ رہے ہیں کہ یہاں سرکس ماڈل چل رہا ہے۔ یوپی ماڈل میں اگر بلڈوزر چلانا ہی ہے تو کہاں بے روزگاری پر بلڈوزر چلا؟ بدعنوانی پر کہاں بلڈوزر چلایا گیا؟ انھوں نے کہا کہ یہ سب کہنے کی باتیں ہیں۔علاوہ ازیں تیجسوی یادو نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کر کے بھی وزیر اعلیٰ اور بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کے بہار میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ ڈبل انجن حکومت کے سبب ہر علاقے میں ٹربل ہی ٹربل (پریشانی ہی پریشانی) ہے۔