نئی دہلی، 5 مارچ (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) نے کہا ہے کہ بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کو راجیہ سبھا بھیجنا دراصل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے علاقائی جماعتوں کو کمزور اور ختم کرنے کی ایک اور مثال ہے ۔ عآپ دہلی کے ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ایسا کوئی سگا نہیں، جس کو بی جے پی نے ٹھگا نہیں۔ بی جے پی نے جس کی انگلی پکڑ کر نئی ریاست میں قدم رکھا، ان کی پارٹی کو اندر سے دیمک کی طرح تباہ کر دیا۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اس کی تازہ ترین مثال ہیں۔ بھاردواج نے کہا کہ اس سے پہلے بی جے پی نے اڈیشہ میں نوین پٹنائک، مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے ، ہریانہ میں چوٹالہ، تلنگانہ میں کے سی آر، پنجاب میں بادل، جموں و کشمیر میں محبوبہ مفتی کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار کا راجیہ سبھا جانا بہار میں جے ڈی یو کے خاتمے کی شروعات ہے۔ بی جے پی نے بی جے ڈی، شیوسینا، آئی این ایل ڈی، ٹی آر ایس، اکالی دل، پی ڈی پی کو اندر سے دیمک کی طرح کھوکھلا کر دیا ہے ۔ بھاردواج نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی سیاست ہمیشہ سے یہی رہی ہے ، وہ پہلے کسی ریاست میں جاتی ہے اور ہاتھ جوڑ کر دعویٰ کرتی ہیں کہ علاقائی پارٹیاں بڑی شراکت دار ہیں اور وہ معمولی شراکت دار ہیں۔ وہ کسی نہ کسی طرح اپنے آپ کو شامل کرنے کا انتظام کر لیتے ہیں اور جیسے ہی کوئی علاقائی پارٹی انہیں داخلے کی اجازت دیتی ہے وہ آہستہ آہستہ اس پارٹی کو ختم کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں جنتا دل یونائیٹڈ کے ساتھ بھی یہی ہو رہا ہے اور یہ اس جماعت کے خاتمے کی شروعات ہو سکتی ہے ۔ ان کے مطابق علاقائی جماعتوں نے بی جے پی کو اپنی ریاستوں میں جگہ دے کر خود اپنے لیے مشکلات پیدا کیں اور اب انہیں اس کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے ۔