نئی دہلی۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا ٹوڈے رپورٹ کے مطابق بی جے پی کی آفیشیل ویب سائیٹ کو ہیک کرلیا گیا اور عنوان میں اسکرین شارٹ دکھایا گیا ہے جس میں وزیراعظم نریندر مودی کی مضحکہ خیز تصویر کے ساتھ بوہمین راپسوڈی کو ملا دیا گیا اور عنوان میں نازیبا الفاظ کا بھی استعمال کیا گیا۔ ہیک کئے گئے صفحہ کے عنوان کچھ اس طرح تھے۔ بھائیو اور بہنو میں نے آپ کو بیوقوف بنایا ہے۔ ہم نے آپ تمام کو بیوقوف بنایا ہے اور مزید بنائیں گے بہت بہت مبارک۔ نریندر مودی کو جرمن چانسلر میرکل کے ساتھ مضحکہ خیز اسٹائل میں دکھایا گیا جس میں مودی اپنا ہاتھ میرکل کی جانب بڑھاتے ہیں تاکہ مصافحہ کیا جائے لیکن میرکل کا ہاتھ آگے نہیں بڑھتا۔ ان کارٹونس کے ساتھ توہین آمیز نغمہ بجایا جاتا ہے۔ کانگریس نے ایسے موقع کو ہاتھ سے گنوانا مناسب نہیں سمجھا اور بیان دیا کہ ’’اگر آپ اس وقت بی جے پی ویب سائیٹ نہ دیکھ رہے ہوں تو پھر آپ نے کچھ بھی نہیں دیکھا‘‘۔ ان الفاظ کا اظہار دیویا اسنیدنا نے کیا جو اپوزیشن پارٹی کی صدر میڈیا ہیں۔ ایک مشہور ماہنامہ کے مطابق چھتیس گڑھ بی جے پی کی ویب سائیٹ بھی ہیک کرلی گئی تھی جس میں پاکستانی جھنڈے کی شبیہ کے ساتھ فوجیوں کو دکھایا گیا تھا اور تحریر تھا کہ ’’جنگ کے شیدائی‘‘۔