بی جے پی پر فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے اجیت سنگھ کا الزام

   

مظفر نگر ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے صدر اجیت سنگھ نے بی جے پی لوک سبھا انتخابات سے قبل ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ایس پی ، بی ایس پی اور آر ایل ڈی پر مشتمل عظیم اتحاد اترپردیش میں بی جے پی کو شکست دے گا ۔ آر ایل ڈی کے صدر اجیت سنگھ حلقہ لوک سبھا مظفر نگر سے عظیم اتحاد کے امیدوار ہوں گے ۔ یہ حلقہ اگست اور ستمبر 2013 ء کے دوران فرقہ وارانہ فسادات سے بری طرح متاثر ہوا تھا ۔ ان فسادات کے نتیجہ میں کم سے کم 60 افراد ہلاک اور 40,000 بے گھر ہوئے تھے ۔ ان میں مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد کی اکثریت تھی ۔ اجیت سنگھ نے اپنی پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران بی جے پی پر ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا الزام عائد کیا ۔ اجیت سنگھ نے کہا کہ میں مرکز اور ریاست میں برسراقتدار بی جے پی حکومتوں کے ہاتھوں تیار شدہ دستور اور جمہوریت بچانے کے لئے مظفر نگر سے انتخابی مقابلہ کررہا ہوں ۔ اجیت سنگھ نے کہا کہ یہ عظیم اتحاد بالخصوص مغربی اترپردیش میں بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے فرقہ وارانہ سیاست کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔