ریونت ریڈی ڈرامہ باز ، وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات ای دیاکر راؤ نے بی جے پی قائدین پر چیف منسٹر کے خلاف پاگل کتوں کی طرح بھونکنے کے سلسلے کو بند کرتے ہوئے ہمت ہے تو کے سی آر کو چھو کر دکھانے کا چیلنج کیا ۔ آج ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ای دیاکر راؤ نے کہا کہ بی جے پی کے قائدین چیف منسٹر کو گرفتار کرنے اور جیل بھیجانے کی روزانہ بکواس کررہے ہیں ۔ مخالف عوام اور کسان پالیسیوں پر عمل آوری کرنے والی بی جے پی کو عوام پانچ ریاستوں کے عام انتخابات میں سبق سکھائیں گے ۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو چیف منسٹر کے سی آر یا ان کے فرزند کے ٹی آر کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے اپنی طاقت آزما لینے کا مشورہ دیا ۔ ملک پر کانگریس اور بی جے پی نے حکمرانی کی ہے ۔ مگر ان دونوں جماعتوں کی حکمرانی سے عوام اور کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں پہونچا کسان قائدین کی حیثیت سے شہرت رکھنے والے دیوی لعل اور چرن سنگھ سے زیادہ کے سی آر نے تلنگانہ کے کسانوں کے لیے کام کیا ہے ۔ مرکزی حکومت کسانوں کے مفادات کو نقصان پہونچا رہی ہے ۔ تلنگانہ کے بی جے پی کے قائدین کسانوں کے مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں ۔ ایک طرف بی جے پی کے قائدین جوکروں کی طرح سیاسی تماشہ کررہے ہیں ۔ دوسری طرف مرکزی حکومت پٹرول ، ڈیزل اور اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے غریب عوام پر اضافی مالی بوجھ عائد کررہی ہے ۔ جب کہ تلنگانہ حکومت نے گذشتہ سال کے دوران زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے 2 لاکھ 71 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ وزیر پنچایت راج نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی سے استفسار کیا کہ وہ جب تلگو دیشم میں تھے کیا انہوں نے کانگریس حکومت کے مخالف زرعی پالیسیوں پر احتجاج نہیں کیا تھا ۔ اب کانگریس میں شامل ہونے کے بعد کانگریس حکومتوں کی جانب سے کسانوں کے مفادات کے لیے کیے گئے کاموں کی نشاندہی کرانے کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ اور کہا کہ ریونت ریڈی ڈرامے بازی کے عادی ہے ۔۔ ن